ذی الحجہ کا مہینہ مسلمانوں کے لیے خاص کیوں ہے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی سال کے آخری مہینے ذی الحجہ کی فضیلت، اعمال اور اہمیت۔ حج کا فریضہ، تکمیل دین کا اعلان، عشرہ ذی الحجہ کی برکات، یوم عرفہ کا روزہ، قربانی کا دن کی مکمل رہنمائی اور تفصیلی معلومات درج ذیل ہے۔
ذی الحجہ کے معنی، فضائل اور اہمیت
ذی الحجہ اسلامی قمری سال کا آخری اور سب سے مقدس مہینہ ہے۔ یہ حج کے عظیم فریضےحضرت ابرہیم علیہ السلام کی قربانی کی سنت اور بے شمار روحانی برکتوں کا مہینہ ہے۔
ذی الحجہ کے معنی اور نام کی وجہ
عربی زبان میں “ذُو الْحِجَّۃِ“ دو الفاظ کا مجموعہ ہے
ذُو“ جس کے معنی ہیں ـ والا یا رکھنے والا“
الْحِجَّۃِ “ جو “حج“ سے مشتق ہے”
اس طرح “ذُو الْحِجَّۃِ“ کا مطلب ہوا “حج کا مہینہ“، کیونکہ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جس میں حجِ بیت اللہ ادا کیا جاتا ہے۔
حجہ کے دو مفہوم
حج کرنا: چونکہ اس مہینے میں حج کی عظیم عبادت ہوتی ہے، اس لیے اسے “ذی الحجہ“ کہا جاتا ہے۔
سال کا اختتام: بعض تفسیروں کے مطابق “حجہ“ کا ایک معنی “سال“ بھی ہے، اور چونکہ یہ اسلامی سال کا آخری مہینہ ہے، اس لیے بھی اسے ذی الحجہ کہتے ہیں۔
ذی الحجہ کی فضیلت اور اہمیت
ذی الحجہ کے مہینے کی اہمیت درج ذیل وجوہات کی بنا پر ہے
تکمیلِ دین کی بشارت کا مہینہ
ذوالحجہ کا مہینہ تکمیلِ دین کی بشارت کا مہینہ ہے جس میں دین اسلام کی تکمیل کا اعلان ہوا۔
میدان عرفات میں حضرت محمد ﷺ نے حجتہ الوداع کے موقع پر اپنے تاریخی خطبے میں فرمایا ـ
اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ وَاَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِىْ وَرَضِيْتُ لَكُمُ الْاِسْلَامَ دِيْنًا ۚ فَمَنِ اضْطُرَّ فِىْ مَخْمَصَةٍ غَيْـرَ مُتَجَانِفٍ لِّاِثْـمٍ ۙ فَاِنَّ اللّـٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِيْـمٌ
آج میں نے تمھارے لیے تمھارا دین کامل کردیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور تمھارے لیے اسلام کو دین کی حیثیت سے پسند کر لیا، پھر جو شخص بھوک کی کسی صورت میں مجبور کر دیا جائے، اس حال میں کہ کسی گناہ کی طرف مائل ہونے والا نہ ہو تو بے شک اللہ بے حد بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
سورہ المائدہ، آیت: 3
حدیث میں آتا ہے کہ
یہودیوں میں سے ایک شخص حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور کہنے لگا: امیر المومنین! آپ کی کتاب میں ایک ایسی آیت ہے آپ اسے پڑھتے ہیں ، اگر وہ ہم یہودیوں پر نازل ہوئی ہوتی تو ہم اس دن کو عید قرار دیتے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے پوچھا: وہ کون سی آیت ہے؟ اس نے کہا: آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت تمام کر دی اور تمہارے لیے اسلام کو دین کے طور پر پسند کر لیا۔ تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: میں وہ دن بھی جانتا ہوں جس میں یہ نازل ہوئی وہ جگہ بھی جہاں یہ نازل ہوئی ، یہ آیت مقام عرفات پرجمعہ کے دن رسول اللہ ﷺ پرنازل ہوئی تھی۔
صحیح مسلم 3017 / صحیح البخاری 7268
حج کا مہینہ
حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے، جس کی ادائیگی صرف اسی مہینے میں ہوتی ہے۔ ماہ ذوالحجہ کو اس اعتبار سے بھی فوقیت حاصل ہے کہ یہ حج کا مہینہ ہے اور مسلمانوں کا مقدس فریضہ حج اس ماہ ادا کیا جاتا ہےـ دنیا بھر کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ کا رخ کرتے ہیں۔
عشرہ ذی الحجہ کی برکتیں
ذوالحجہ کے ابتدائی دس ایام بڑی فضیلت کے حامل ہیں، بعض مفسرین نے قرآنِ کریم کی سورہ فجر کی آیت کریمہ ولیالٍ عشر کی تفسیر میں لکھا ہے کہ اس آیت میں جن دس راتوں کی قسم کھائی گئی ہے، اس سے مراد ذوالحجہ کی ابتدائی دس راتیں ہیں۔
ذوالحجہ کے ابتدائی دس دن اس بنا پر بھی اہم ہیں کہ ان میں دسویں ذوالحجہ کا دن سال بھر کے ایام سے افضل و ارفع ہے۔عبداللہ بن قرطؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا
اللہ تبارک و تعالیٰ کے نزدیک سب سے عظیم دن یوم النحر ہے پھر یوم القر ہے ـ
سنن ابي داود: 1765
ذوالحجہ کے ابتدائی دس دنوں سے بڑھ کر اللہ تعالی کے ہاں عظیم دن نہیں ہیں اور ان دنوں کے اعمال سے بڑھ کر عام دنوں کے اعمال اللہ تعالی کو زیادہ محبوب نہیں ہیں سو تم ان دنوں میں تہلیل وتکبیر اور تحمید کا کثرت سے اہتمام کرو۔
ان ایام میں نیک اعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے اور ان دنوں کی عبادت کی بہت زیادہ فضیلت احادیث میں بیان کی گئی ہے، چاہے یہ عبادات ذکر و اذکار کی صورت میں ہوں، یا قیام اللیل کی صورت میں یا روزوں کی صورت میں۔
عشرہ ذی الحجہ کی فضیلت کا اسباب
ذوالحجہ کے مہینے کی اہمیت نہ صرف حج کی وجہ سے معروف ہے بلکہ عشرہ ذی الحجہ کی 8، 9 اور 10 تاریخ کو بہت فضیلت حاصل ہے۔ جیسا کہ
یوم الترویہ
ذوالحجہ کی 8 تاریخ کو “یوم الترویہ“ کہتے ہیں، یوم الترویہ یعنی 8 ذوالحجہ سے حجاج کرام کے مناسک حج کا آغاز ہوتا ہے ـ
اس دن کو”یوم الترویہ” کہنے کی دو وجوہات ہیں
ترویہ کا مطلب ہے پانی پلانا یا سیراب کرنا
قدیم زمانے میں، حجاج کرام منیٰ روانگی سے پہلے اپنے ساتھ پانی کی مناسب مقدار لے کر جاتے تھے تاکہ مناسک حج کے دوران انہیں پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی مناسبت سے اسے “یوم الترویہ” کہا جاتا ہے۔
ایک روایت کے مطابق، حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اسی دن خواب میں حکم ملا کہ وہ اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کریں۔ اس خواب کے بارے میں غورو فکر کرنے اوراسے سمجھنے کے لیے انہیں وقت درکار تھا، جسے “ترویہ” یعنی غور و فکر کرنے کے معنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔
یوم عرفہ
ذوالحجہ ذوالحجہ کی 9 تاریخ کو “یوم عرفہ“ کہا جاتا ہے، جو کہ حج کے ارکان میں سے ایک بنیادی رکن ہے۔
عرفہ کے دن كی فضیلت
ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ بیان كرتی هیں كه رسول اللہ ﷺ نے اورشاد فرمایا
مَا مِنْ يَوْمٍ أَكْثَرَ مِنْ أَنْ يُعْتِقَ اللهُ فِيهِ عَبْدًا مِنَ النَّارِ، مِنْ يَوْمِ عَرَفَةَ، وَإِنَّهُ لَيَدْنُو، ثُمَّ يُبَاهِي بِهِمِ الْمَلَائِكَةَ، فَيَقُولُ: مَا أَرَادَ هَؤُلَاءِ؟
اللہ تبارک وتعالیٰ کسی بھی دن میں اپنے بندوں کو اس قدر جہنم سے آزاد نہیں کرتا جس قدر یوم عرفہ میں آزاد کرتا ہے۔ اس دن بندوں سے قریب ہوکر فرشتوں کے سامنے فخر کرتا ہے اور فرماتا ہے: میرے یہ بندے کیا چاہتے ہیں؟
صحیح مسلم –3288
عرفہ کے دن مقام ومرتبہ کی وضاحت کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں
الحجُّ عرفةُ
حج وقوف ِعرفہ کا نام ہے۔
ترمذی: 889، والنسائي: 3044، وصححہ الألبانی
در حقیقت عرفہ کا دن ہی حج کا اصل دن ہے جس میں حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفات کی ادائیگی ہوتی ہے
یوم النحر
ذوالحجہ ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو”یوم النحر” کہا جاتا ہےـ ذو الحجہ کے دس دن اس لیے مقدس اور بابرکت ہیں کہ ان ایام میں دس ذو الحجه یعنی یوم النحر کا دن آتا ہے ـ اس دن سنت ابراہیمی کی یاد میں قربانی کا عمل انجام دیا جاتا ہے یعنی عید الاضحی منائی جاتی ہے
اس دن کو حدیث میں اعظم ایام الدنیا بھی کہاگیا ہے۔
إنَّ أعظمَ الأيَّامِ عندَ اللهِ تبارَكَ وتعالَى يومُ النَّحرِ ثمَّ يومُ القُرِ
اللہ تبارک و تعالیٰ کے ہاں سب سے بڑھ کر عظمت والا دن دس ذوالحجہ کا دن ہے اور اس کے بعد 1 1 ذوالحجہ کا دن ہے ۔
صحيح أبي داود : 1765
یوں، ذوالحجہ کا مہینہ اسلامی سال میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اوریہ مہینہ مسلمانوں کو ایمان کی تجدید، تقویٰ اوراخوت کا پیغام دیتا ہے۔
حا صل کلام
ذی الحجہ کا مہینہ نہ صرف حج اورقربانی کی عظیم عبادتوں کا زمانہ ہے، بلکہ یہ وہ مقدس مہینہ بھی ہے جس میں اسلام کے مکمل ہونے کی خوشخبری دی گئی۔ ذی الحجہ کا مہینہ مسلمانوں کے لیے بے پناہ فضیلتوں اوربرکتوں کا حامل ہے۔ یہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں حج جیسی عظیم عبادت ادا کی جاتی ہے، سنت ابراہیمی کی یاد تازہ ہوتی ہے، اوراللہ کی رحمتیں اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔
عشرہ ذی الحجہ کی عبادات، یوم عرفہ کے دن کی معافی، اوریوم النحر کی قربانیاں اس مہینے کو منفرد بناتی ہیں۔ اس لیے ہرمسلمان کو چاہیے کہ وہ اس مہینے کی قدرکو پہچانے، اس کے فضائل سے مستفید ہوں، اوراپنے رب کی رضا کے لیے نیک اعمال کا اہتمام کرے۔
اللہ تعالی ٰ ہم سب مسلمانوں کو اس ماہ مقدس میں نیک عمل کرنے کی توفیق عطا فرما ٰئے آمین
مزید پڑھیے خواب کی اسلامی تعبیریں
مزید پڑھیے بچوں کے اسلای نام
مزید پڑھیے جمعہ مبارک اقتباسات اردو
Contents