خواب میں  پانی دیکھنے کی  اسلامی تعبیریں

زندگی کا انحصار چار چیزوں پر ہے آگ ،ہوا ، مٹی ،پانی ـ لہذا پانی زندگی، رزق، صحت، اورآزمائش جیسے معانی رکھتا ہے۔ ذیل میں خواب میں پانی دیکھنے کی  اسلامی تعبیریں سے متعلق مکمل تفصیل اوران کی تعبیریں دی جا رہی ہیں۔

:خواب میں پانی کی اہمیت

دراصل خواب میں دیکھے گئے پانی سے مراد اچھی زندگی ہے کیونکہ اللہ تعالی نے اسے انسان، حیوان اور نباتات کے لیے زندگی کا سبب بنایا ہے۔

ارشاد ربانی ہے

وَجَعَلْنَا مِنَ الْمَاءِ كُلِّ شَيْءٍ حَيْ

اور ہم نے پانی سے ہر زندہ شے بنائی ۔

الأنبياء ـ30 

امام ابن سیرین کی رائے

حضرت امام ابن سیرین رحمہ اللّٰہ علیہ  کا کہنا ہے کہ خواب میں پانی دیکھنا دین کے متعلق فتنے میں پڑنے کی علامت ہے۔ ایک شخص نے خواب میں دیکھا کہ وہ پانی میں ہے تو امام صاحب نے اس سے فرمایا: تمھیں کہیں سے مال و دولت ملا ہے۔ اس نے کہا :ہاں، پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی 

 إِنَّمَا أَمْوَلَكُمْ وَأَوْلَدُكُمْ فِتْنَةٌ

 تمھارے مال اوراولاد آزمائش ہی تو ہیں۔

التغابن: 15

 مؤلف کے نزدیک اصل بات وہی ہے جو خود اُس نے بیان کی ہے۔ امام ابن سیرین رحمہ اللّٰہ علیہ  کا یہ قول کہ پانی فتنے کی نشانی اور رنج وغم کی علامت ہے تو یہ مال و دولت ملنے کے نتیجے میں ہو سکتا ہے لیکن اصل بات وہی ہے جو ہم نے بیان کی۔ اس ضمن میں قرائن (احوالی علامات) دیکھنے ضروری ہیں۔

:پانی پینا

امام ابن سیرین  رحمہ اللّٰہ علیہ  نے فرمایا: اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس نے پانی پیا اور بقیہ پانی گرا دیا ہے تو جاگتے وقت اگر وہ پیاسا تھا تو ایسے خواب کا کوئی اعتبار نہیں۔ اگر پیاسا نہیں تھا تو پانی کی صفت پر غور کرنا چاہیے کہ وہ کیسا ہے۔ پانی پیتے وقت اس آدمی کو لذت محسوس ہوئی کہ نہیں۔ اس نے پانی کسی جگہ سے پیا۔ ان تمام سوالوں کا جواب جاننا چاہیے۔

:امام ابن سیرین کے مطابق پانی کی مختلف اقسام اور ان کی تعبیریں

پانی سات طرح کا ہوتا ہے نمکین، کڑوا، کالا، بد بودار گندا، اچھا،  گدلا اور صاف

:نمکین پانی

ایک شخص نے  امام ابن سیرین  رحمہ اللّٰہ علیہ  سے عرض کیا: میں نے خواب میں دیکھا کہ گویا میں کنویں سے پانی پی رہا ہوں جس کے دوسر ہیں: ایک نمکین اور دوسرا میٹھا۔ آپ نے اس سے فرمایا: تمھاری بیوی ہے اور تم اس کی بہن سے بھی ملتے جلتے ہو۔ اس نے کہا: آپ نے درست فرمایا۔

:کڑوا پانی

 خواب میں کڑوا پانی دیکھنا پریشان حال زندگی کی علامت ہے۔

:کالا پانی

خواب میں کالا پانی پینا بینائی کے جانے کی علامت ہے۔

 کالا پانی گھر میں دیکھنا گھر کی بربادی کا اشارہ ہے۔

 کنویں سے کالا پانی نکالنا ایسی بیوی کا پتہ دیتا ہے جس میں کوئی بھلائی نہیں۔

:بدبودار یا گندا پانی

 بد بودار پانی پریشان حال اور مشکلات بھری زندگی کی نشانی ہے۔ سڑاند والا پانی حرام مال کی علامت ہے۔ پہلے رنگ کا پانی بیماری کی علامت ہے۔

:گدلا پانی

مشکلات و مسائل سے عبارت ہے۔

 اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اسے نمکین یا کڑوے یا سڑاند والے پانی سے فائدہ ہوا ہے تو یہ اس کے لیے بھلائی کی علامت ہے۔ اگر کوئی یہ دیکھے کہ وہ کسی درندے یا دشمن سے بچ کے بھاگا ہے اور ایسی جگہ جاکے چھپا ہے جہاں گدلا پانی ہے تو یہ بھی اس کے لیے بہتر ہے

:صاف پانی

اگرآدمی کو خواب میں صاف پانی پیتے ہوئے لذت محسوس ہو تو اسے آرام وسکون ملے گا۔

 بیمار کو خواب میں صاف پانی نے فائدہ دیا تو اس کی بیماری دور ہوگی۔ بیماری ٹھنڈ کی وجہ سے لگی ہو اور بیمار خواب میں گرم پانی پیے تو بھی وہ شفا یاب ہوگا اگر کوئی سردی یا خزاں کے موسم میں دیکھے کہ اس نے نہار منہ پانی پیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے معمولی بیماری ہو سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اس کے ورد شروع ہو جائے کیونکہ ایسے موسم اور ایسے وقت میں پانی پینا نقصان دہ ہوتا ہے۔

موسم بہارمیں ایسا خواب دیکھنا باعث راحت ہے کیونکہ ایسے موسم میں نقصان کا اندیشہ نہیں ہوتا ۔ گرمی کے موسم میں ایسا خواب سر درد پر دلالت کرتا ہے کیونکہ اس صورت میں وہ پانی فورا صفرا میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ سردی اور خزاں کے موسم میں بہتا ہوا پانی دیکھنا اچھی بات ہے۔ موسم بہار اور گرمیوں میں بہتا ہوا پانی دیکھنا درست نہیں

:خواب میں  صاف پانی دیکھنا

 خوشحالی، رزق، صحت اور خوشی کی علامت ہے ـ

یوں اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے گھر میں صاف ستھرا پانی ہے تو یہ سعادت مندی، خوش بختی اور مال و دولت کی علامت ہے۔ یہ بھی عین ممکن ہے کہ اس کی شادی ہو جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ مِنَ الْمَاءِ بَشَرًا فَجَعَلَهُ نَسَبًا وَصِهْرًا

 اوروہی ہے جس نے پانی سے بشر کو پیدا کیا، پھراسے خاندان اور سرال بنا دیا۔

الفرقان: 54:2

امام ابن سیرین  رحمہ اللّٰہ علیہ  کی روشنی میں پانی سے متعلق چند انوکھے خواب اور ان کی تعبیریں

پانی چبانے کا خواب: تنگدستی کی علامت

اگر آدمی خواب میں یہ دیکھے کہ وہ پانی چبا رہا ہے تو مطلب یہ ہے کہ وہ تنگد ستی اورپریشانی کا شکار ہوگا۔

پانی میں ہاتھ پھیلانا: دولت میں اضافہ

 خواب میں اُس کا پانی میں ہاتھ پھیلانا اُس کو زیادہ مال و دولت ملنے کی نشانی ہے۔

مشکیزے سے پانی پینا: حرام سے بچنے کی نصیحت

 ایک شخص نے امام ابن سیرین  رحمہ اللّٰہ علیہ  سے عرض کیا: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں پانی کے مشکیزے کے شگاف سے لذیذ پانی پی رہا ہوں ۔ آپ نے فرمایا: اللہ سے ڈرو اور جو عورت تمھارے لیے حلال نہیں، اس کے ساتھ خلوت میں نہ رہو۔ اس نے کہا : میں نے اس عورت کو نکاح کا پیغام بھیجا ہے۔

پانی پلانے کا خواب: غیبت سے پرہیز

ایک عورت نے آپ کی خدمت میں عرض کیا : میں نے خواب میں دیکھا کہ ہم پانی پلا رہے ہیں۔ امام صاحب نے اس سے فرمایا: اللہ سے ڈرو اور لوگوں کی چغلی مت کھاتی پھرا کرو۔

سمندر یا نہر سے پانی پینا: بڑے آدمی سے فائدہ

اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ وہ سمندر یا نہر سے میٹھا پانی پی رہا یا اپنی کھیتی کو سیراب کر رہا ہے تو مطلب یہ ہے کہ اس کو کسی بڑے آدمی سے فائدہ حاصل ہوگا کیونکہ سمندر، شہریں اور تالاب بڑے آدمیوں سے عبارت ہیں۔ تالاب کا رتبہ شہر سے اور شہر کا رتبہ سمندر سے کم ہے۔ یہ تینوں بڑے آدمی کی نشانی ہیں جیسے بادشاہ باپ، غلام کا آقاء بھائی، بیٹا ، شوہر، عالم یا عابد ۔ خواب میں انھیں دیکھنا معیشت اور تجارت کو بھی بتاتا ہے۔

سمندراورمچھلیوں کی تعبیر

سمندر سے مراد اگر بادشاہ لیا جائے تو مچھلیاں اس کی رعایا اور فوج ہوں گی۔ سمندر سے مراد عالم لیا جائے تو مچھلیاں اس کے علوم اور شاگرد ہیں۔ سمندر سے مراد اگر شوہر لیا جائے تو مچھلیاں اس کے گھر کا ساز و سامان، اس کے غلام یا عزیز و اقارب ہیں۔ اگر سمندر سے مراد تجارت کی جائے تو مچھلیاں اس کے فوائد ہیں۔ سمندر سے مراد کا روبار لیا جائے تو سمندر سے مراد بازار کے کرتا دھرتا ہیں جو چھوٹوں پر رحم کھاتے ہیں نہ بڑوں پر ۔ وہ سب ایک دوسرے کا مال ہڑپ کرنے کی فکر میں ہوتے ہیں۔ اس طرح مچھلیوں سے مختلف مرادیں لی جاسکتی ہیں۔ یہی حکم نہروں اور تالابوں کا ہے۔

امام ابن سیرین  رحمہ اللّٰہ علیہ کے مطابق گندے پانی اور سمندر کے خوابوں کی خاص تعبیریں

گدلا، سڑا ہوا یا کڑوا پانی دیکھنا

خواب میں نظر آنے والا پانی اگر گدلا ہے، سڑا ہوا نمکین یا کڑوا ہے تو خواب دیکھنے والے کو کسی بڑے آدمی کی طرف سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر ایسا خواب دیکھنے والا بیمار ہے تو اس کی بیماری طول پکڑے گی۔

سمندر یا دریا میں تیرنے کی تعبیر

گرمی کے زمانے میں کوئی خواب میں دیکھے کہ وہ سمندر یا دریا میں تیرا کی کر رہا ہے اور سمندر کا پانی ٹھنڈا ہے یا سردیوں میں خود کو تیرتا دیکھے اورسمندر کا پانی گرم ہو یا دیکھے کہ وہ وضو یا غسل کر رہا ہے تو خواب دیکھنے والے کو مذکورہ بالا افراد سے فائدہ حاصل ہوگا۔ اگر کوئی آدمی خواب میں سمندرسے شکار کرے یا اس سے موتی نکالے، یا اس کے پانی سے آگ بجھائے تو بھی یہی تعبیر ہے۔

غیر موافق پانی میں غرق ہونا

 اگر کوئی خواب میں یہ دیکھے کہ وہ سمندر میں تیرا کی کر رہا ہے، گرمی کا موسم ہے اور سمندر کا پانی گرم ہے یا سردی کا موسم ہے اور سمندر کا پانی ٹھنڈا ہے اور خواب دیکھنے والا ایسا بیمار ہے کہ گرمی میں گرم پانی اور سردی میں ٹھنڈا پانی اُسے موافق نہیں آتا، اس صورت میں اگر وہ پانی میں غرق ہو جاتا ہے تو یہ اس کے لیے بہتر نہیں۔ اسی طرح اگر پانی اس کے سر پر چڑھ جائے تو یہ ان اشخاص کی طرف سے یا دشمن کی طرف سے پریشانی اور رنج و غم پائے گا جن پر سمند ر دلالت کرتا ہے۔

سمندر میں تیرنا اورعلم سے وابستہ تعبیرات

 بعض دفعہ سمندر میں تیرا کی طلب علم سے بھی عبارت ہوتی ہے۔ اگر کوئی آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ سمندر میں سے ساحل پر واپس گیا ہے تو مطلب یہ ہے کہ وہ طلب علم چھوڑ دے گا۔ اور بادشاہ کی خدمت کرے گا۔ اگر وہ تیرا کی کرتے ہوئے خوف محسوس کرتا ہے تو اسے بادشاہ سے خوف یا ڈر محسوس ہوگا۔

بادشاہ کا سمندر میں تیرنے کا خواب

 اگر بادشاہ خواب میں دیکھے کہ وہ سمندر میں تیرا کی کر رہا ہے تو کسی دوسرے بادشاہ سے اس کی جنگ ہوگی۔ اگر وہ دیکھے کہ اس نے تیرا کی سے پورا سمندر پار کر لیا ہے تو وہ جنگ میں فتح یاب ہوگا۔ باعتبار تعبیر سمندر میں ڈوبنا بعض اوقات ارتکاب معصیت اور اظہار بدعت کا پتہ دیتا ہے۔

سمندر میں ڈوبنے کی خطرناک تعبیر

 حدیث میں ہے : ” جو کوئی خواب میں دیکھے کہ وہ سمندر میں ڈوب گیا ہے، وہ جہنم میں داخل ہوگا۔

کیونکہ اللہ تعالی فرماتا ہے

مِمَّا خَطِيفَتِهِمْ أَغْرِقُوا فَادْخِلُوْا نَارًا

 نوح ـ25

کچھ اپنے ہی گناہوں سے وہ غرق کیے گئے پس وہ آگ میں داخل کیے گئے۔

 ڈوب کر پھر تیر کر باہر نکل آنے کا خواب

اگر کوئی آدمی خواب میں یہ دیکھے کہ وہ ڈوب گیا ہے، پھر اس نے تیرنا شروع کیا ہے-اور وہ باہر آگیا ہے تو ایسا شخص دنیا داری چھوڑ کر دینداری میں لگے گا، خاص طور پر جبکہ وہ اپنے آپ کو ہر الباس پہنے دیکھے۔

کپڑوں سمیت پانی میں کودنا مگر بھیگنے سے بچ جانا

 ایک آدمی نے خواب میں دیکھا کہ وہ کپڑوں سمیت نہرمیں کود گیا ہے اور بھیگا نہیں۔ استاد عالی مقام الشیخ شہاب الدین قرانی – نے اس سے کہا: تم نے گناہ کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن اسے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا۔ اس نے کہا : آپ نے درست فرمایا۔

:حاصل کلام

پانی کے خوابوں کی تعبیر اس کی نوعیت، موسم اور حالات پر منحصر ہے۔ صاف پانی خیر و برکت کی علامت ہے، جبکہ گدلا یا کڑوا پانی پریشانیوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ سمندر کے خواب طاقتور افراد، علم یا جنگ سے متعلق ہو سکتے ہیں۔

پانی کے خوابوں کی تعبیر اس کی کیفیت، مقدار اور حالات پر منحصر ہے۔ اچھے خواب اللہ کی نعمت ہیں، جبکہ برے خوابوں پر تعوذ (اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ) پڑھ کر اللہ کی پناہ مانگنی چاہیے۔


حوالہ  جات

ماخوذ از: تفسیر الاحلام لابن سیرین، باب المياه

مزید پڑھیے    مسنون دعائیں

مزید پڑھیے    بچوں کے اسلامی نام

Contents